ملکی ترسیلات زر میں اضافہ ریکارڈ، معیشت اور عالمی اعتماد میں نمایاں بہتری
پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کے ساتھ ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ستمبر 2026 میں ترسیلاتِ زر 3.6 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جو سالانہ بنیاد پر 12.7 فیصد زیادہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی بھیجی جانے والی ریکارڈ ترسیلات زر موجودہ حکومت پر ان کے بھرپور اعتماد کی واضح عکاس ہیں۔
خرم شہزاد نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ترسیلاتِ زر 14 فیصد اضافہ کے ساتھ 10.9 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ سعودی عرب سے 899 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 749 ملین ڈالر اور برطانیہ سے 515 ملین ڈالر کی خطیر ترسیلات موصول ہوئی ہیں۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق کامیاب سفارتکاری اور پائیدار معاشی اصلاحات کے باعث پاکستان ایک بااعتماد اور مضبوط معاشی قوت بن چکا ہے۔ ملکی معیشت اور عالمی اعتماد میں یہ ایک خوش آئند پیشرفت ہے، جس سے طویل المدتی معاشی استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔ یہ اعداد و شمار ملکی معیشت کے مثبت سفر کی عکاسی کرتے ہیں۔