سوات؛ سی ٹی ڈی اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں 3 خوارج ہلاک

دہشت گردوں سے تھانہ شکردرہ کا نقشہ اور ایک ڈائری بھی برآمد کی گئی

فوٹو: فائل

سوات میں سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس نے علی الصبح انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران تین مطلوب خوارجوں کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی تھانہ کانجو کی حدود میں واقع علاقے سخاڈوب میں کی گئی۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عبداللہ ولد سید بشر، منصور علی ولد عبدالمطلب اور غفران اللہ ولد افضل خان کے ناموں سے ہوئی۔

کارروائی مصدقہ خفیہ اطلاعات پر مفتی مظفر عرف خالد گروپ سے تعلق رکھنے والے خوارج کے خلاف کی گئی۔ ہلاک دہشت گردوں سے قومی شناختی کارڈز برآمد ہوئے، جس کے مطابق تینوں کا تعلق ضلع سوات سے تھا۔

دہشت گردوں نے پولیس نفری کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کے بعد مکان سے تین دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد افضل خان گجر پر فائرنگ حملے، نعمت علی خان کے گھر اور ڈیرے پر فائرنگ، سلیم اللہ عرف ساجد نیلا گرام کی ٹارگٹ کلنگ سمیت رواں سال کے متعدد دہشت گردی کے واقعات میں ملوث رہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے کامیاب کارروائی پر پولیس جوانوں کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہا۔

انہوں نے واضح کیا کہ صوبے سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Load Next Story