پشاور اسکول سانحہ: واقعے کی تحقیقات کا حکم، اسکول کا مالک زیر حراست
اسکول کی چھت گرنے کے افسوس ناک اقعے کے بعد صوبائی حکومت نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، جبکہ اسکول کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پشاور کی دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے بچوں اور 2 خواتین ٹیچرز سمیت 33 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق دیر کالونی کے علاقے میں واقع الخیر اسکول سسٹم کی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں متعدد بچے چھت تلے دب گئے، جن میں جاں بحق ہونے والوں کے علاوہ 50 سے زیادہ زخمی بھی شامل ہیں۔
سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے کہا ہے کہ متاثرہ اسکول کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکول کی چھتیں خستہ بنائی گئی تھیں۔ اس افسوس ناک واقعے پر مقدمہ درج ہوگا۔ سی سی پی او کے مطابق اسکول تنگ گلیوں میں بنایا گیا تھا، جس کی وجہ سے ریسکیو میں مشکلات پیش آئی ہیں۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق اسکول کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا، جس کی ایف آئی آر دفعہ 322 کے تحت درج ہوگی۔