پشاور اسکول سانحے کی ابتدائی رپورٹ تیار
پشاور کی دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کی ابتدائی رپورٹ ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ نے صوبائی حکومت کو ارسال کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حادثہ اسکول کی نچلی بلڈنگ کے سائیڈ والے کلاس روم میں پیش آیا۔
تیسری منزل سے چھت نیچے گری جو 20 سے 25 فٹ اونچائی پر واقع تھی۔ اسکول کے تمام کمروں کی تیار چھتیں لگی ہوئی تھیں، تاہم سب سے بالائی منزل کی چھت بارش کے باعث خستہ ہو چکی تھی۔
رپورٹ کے مطابق اسکول کے مالک خان محمد کو بچوں نے چھت کے بارے میں آگاہ بھی کیا تھا۔ مالک نے چھت کو عارضی سہارا دے کر آج اسکول میں بچوں کو بلایا تھا۔
ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ کمروں کے ساتھ عمارت کے دیگر حصوں کو بھی غیر موزوں قرار دے دیا ہے۔ اسکول کی رجسٹریشن کے حوالے سے تاحال تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔