آبنائے ہرمز میں ممنوعہ علاقے سے گزرنے والے آئل ٹینکر میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی؛ ایران
آبنائے ہرمز کے ممنوعہ علاقے سے خفیہ طور پر گزرنے والے آئل ٹینکر میں خوفناک آتشزدگی (فائل فوٹو)
ایران کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ایک آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی جو اپنے نگرانی کے نظام کو بند کرکے خفیہ طور پر بحیرہ عمان میں ممنوعہ علاقے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق یہ واقعہ 13 اکتوبر کو دوپہر کے وقت پیش آیا جب جہاز ممنوعہ قرار دیے گئے علاقے سے گزرنے کی کوشش کررہا تھا جس کی مشکوک نقل و حرکت کی نشاندہی نگرانی کرنے والے اہلکاروں نے کی تھی۔
ایرانی بحریہ کے بیان میں کہا گیا کہ جہاز نے اپنی شناخت اور نقل و حرکت کی نگرانی کے نظام بند کر رکھے تھے۔ تاہم حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ ٹینکر کو نقصان کیسے پہنچا، آگ لگنے کی اصل وجہ کیا تھی یا جہاز کس ملک کا تھا۔
ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو نے بھی ایرانی بحریہ کے بیان کے حوالے سے واقعے کی تصدیق کی۔ تاحال جہاز کے عملے اور ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
ایرانی بحریہ نے کہا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے، بحیرہ عمان اور بحیرہ عرب میں اپنی بحری تعیناتی بڑھا دی ہے اور جہازوں کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔
بیان میں تمام جہازوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے برقی اور نگرانی کے نظام فعال رکھیں اور محفوظ گزرگاہ کے لیے ایرانی مسلح افواج سے رابطہ اور رابطہ کاری کریں۔
یاد رہے کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں اور بحری سلامتی کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ عالمی بحری تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم اس گزرگاہ میں حالیہ واقعات نے جہاز رانی کے تحفظ سے متعلق تشویش بڑھا دی ہے۔