چینی وزیرخزانہ کا پاکستان کی معاشی پیشرفت کا خیرمقدم، مالیاتی تعاون مضبوط کرنے پر گفتگو
فوٹو: پی آئی ڈی
چین کے وزیر خزانہ لان فوان نے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب سے ملاقات میں پاکستان کی معاشی پیش رفت کا خیرمقدم کیا اور اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مالیاتی تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کی چین کے وزیر خزانہ لان فوان سے ورلڈ بینک گروپ اور عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاس کے موقع پر بنکاک میں ملاقات ہوئی۔
چین اور پاکستان کے وزرائے خزانہ کی ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کی معاشی استحکام کی جانب پیش رفت اور مشکل معاشی حالات میں چین کی دیرینہ حمایت پر اظہارِ تشکر کیا گیا اور چینی وزیر خزانہ نے پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورت حال اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی کا خیرمقدم کیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ مالیاتی تعاون مضبوط بنانے، بین الاقوامی سرمایہ منڈیوں تک رسائی بڑھانے اور علاقائی اقتصادی تعاون آگے بڑھانے پر گفتگو ہوئی، پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے کامیاب اجرا کا جائزہ لیا گیا، پانڈا بانڈ کے اجرا میں ضابطہ جاتی معاونت، اے آئی آئی بی کی جانب سے قرض کی ساکھ بہتر بنانے کے لیے معاونت، 2.5 فیصد کی مسابقتی شرح منافع اور سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی شامل تھی۔
اس موقع پر پاکستان کی چینی سرمایہ منڈی میں بار بار خودمختار بانڈ جاری کرنے والے ملک کی حیثیت سے مستقل موجودگی قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور 4 سال کے وقفے کے بعد پاکستان کی یورو بانڈ مارکیٹ میں واپسی اور منظور شدہ 7.2 ارب چینی یوآن کے پروگرام کے تحت مزید پانڈا بانڈز کے اجرا کے منصوبوں پر گفتگو ہوئی، پانڈا بانڈز کے مزید اجرا کے لیے اے آئی آئی بی کی مسلسل معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کی پاکستان کی سربراہی، آئندہ سربراہی اجلاس کی تیاریوں اور اسلام آباد میں ایس سی او وزرائے خزانہ کے اجلاس کے انعقاد پر گفتگو ہوئی۔
چینی وزیر خزانہ لان فوان نے اسلام آباد میں ایس سی او وزرائے خزانہ کے اجلاس میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا اور ایس سی او ترقیاتی بینک کے مجوزہ قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چین کے وفد نے ایس سی او ترقیاتی بینک سے متعلق مشاورت میں پاکستان کی فعال شرکت اور اتفاق رائے پیدا کرنے میں تعاون کی درخواست کی اور ایس سی او ترقیاتی بینک کے قیام کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ چین۔پاکستان شاہراہ کے ایک منصوبے کے مجوزہ راستے میں تبدیلیوں کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کرنے کی جانب پیش رفت پر گفتگو ہوئی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ڈیجیٹل تبدیلی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مہارتوں کی تربیت کے فروغ کے لیے علی بابا کے ساتھ پاکستان کے تعاون سے چینی ہم منصب کو آگاہ کیا، تعاون کے طے شدہ فریم ورک پر عمل درآمد اور ڈیجیٹل تبدیلی و مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں اشتراک مزید مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا گیا۔