پشاور میں پولیس کی بروقت کارروائی، 11 کلوگرام وزنی پریشر ککر بم ناکارہ بنا دیا گیا

یکہ توت کے علاقے حافظ آباد میں واقع بند مکان 5 سے 6 ماہ قبل افغان خاندان کو کرائے پر دیا گیا تھا

پشاور:

پشاور کے گنجان آباد علاقے یکہ توت میں بم کی موجودگی کی اطلاع پر ایس ایچ او یکہ توت اور بی ڈی ایس اسکواڈ کی بروقت کارروائی سے بڑا سانحہ ٹل گیا۔

ایس پی سٹی پشاور شاہد عدنان اور ایس ایچ او یکہ توت ریاض آفریدی کی نگرانی میں بی ڈی ایس کی ماہر ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 11 کلوگرام وزنی پریشر ککر بم ناکارہ بنا دیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق یکہ توت کے علاقے حافظ آباد میں واقع بند مکان 5 سے 6 ماہ قبل افغان خاندان کو کرائے پر دیا گیا تھا، تعمیری کام کے لیے مکان کھولنے پر مشکوک پریشر ککر پایا گیا، جسے فوری اطلاع پر کامیاب کارروائی میں ناکارہ بنایا گیا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بروقت اور مؤثر کارروائی پر پشاور پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو خصوصی شاباش دی ہے۔

آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ گنجان آباد علاقے میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا کر پشاور پولیس نے درجنوں قیمتی جانیں بچائیں۔ خیبر پختونخوا پولیس دہشتگردی کے ناسور کے خلاف آہنی دیوار بن کر کھڑی ہے اور عوام کے تحفظ کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

Load Next Story