پاکستان 2027 میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے بورڈز آف گورنرز کی سربراہی کرے گا

وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کو 2027 کے لیے دونوں اداروں کے بورڈز آف گورنرز کا آئندہ چیئرمین نامزد کر دیا گیا

وزارت اقتصادی امور حکومت پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان 2027 میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے بورڈز آف گورنرز کی سربراہی کرے گا، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کو 2027 کے لیے دونوں اداروں کے بورڈز آف گورنرز کا آئندہ چیئرمین نامزد کر دیا گیا۔

وزارت اقتصادی امور نے کہا کہ یہ اعلان بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے پلینری سیشن میں کیا گیا،پاکستان 1953 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے بورڈز آف گورنرز کی سربراہی کرے گا، پاکستان کی چیئرمین شپ عالمی اقتصادی و ترقیاتی امور پر مؤثر کردار ادا کرنے کا اہم موقع ہے، وفاقی وزیر احد چیمہ کو ورلڈ بینک گروپ کے کارپوریٹ سیکریٹریٹ نے چیئرمین شپ کی ذمہ داریوں پر بریفنگ دی۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق  وفاقی وزیر احد چیمہ کی ڈبلیو بی جی کی نائب صدر اور کارپوریٹ سیکریٹری ارادھانا کمار کپور سے ملاقات،  ملاقات میں پاکستان کی مدتِ سربراہی کے دوران ادارہ جاتی معاونت اور رابطہ کاری پر تبادلۂ خیال کیا گیا، احد خان چیمہ کی سبکدوش ہونے والے چیئرمین کارلوس کاروالو اسپالڈنگ سے بھی ملاقات ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کارلوس اسپالڈنگ کو کامیابی سے مدتِ عہدہ مکمل کرنے پر مبارک باد دی، دونوں رہنماؤں نے چیئرمین شپ کی ذمہ داریوں اور آئندہ سال کی ترجیحات پر تبادلۂ خیال کیا۔

احد چیمہ نے کہا کہ پاکستان ترقی پذیر ممالک کی آواز مؤثر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا، ترقیاتی مالی وسائل کی مؤثر اور قابلِ پیش گوئی فراہمی پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے،  پاکستان کثیرالجہتی ترقیاتی اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کے عزم پر قائم ہے، پاکستان پائیدار اور جامع ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری متحرک کرنے کا خواہاں ہے، پاکستان مؤثر کثیرالجہتی ترقیاتی و مالیاتی نظام کے لیے ورلڈ بینک گروپ، آئی ایم ایف اور رکن ممالک کے ساتھ کام کرے گا۔

Load Next Story