پاکستان میں سب سے زیادہ سیاح کہاں سے آئے؟ تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش

وزارتِ بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان آنے والے غیر ملکی سیاحوں کے تفصیلی اعداد و شمار ایوان میں پیش کیے

اسلام آباد:

پاکستان میں سیاحوں کی آمد کے حوالے سے تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئیں۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا، جس میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان آنے والے غیر ملکی سیاحوں کے تفصیلی اعداد و شمار ایوان میں پیش کیے۔

وزارت بین الصوبائی رابطہ کے مطابق گزشتہ 2 سال کے دوران کل 43 لاکھ غیر ملکی سیاحوں نے پاکستان کا رخ کیا، جن میں سال 2024 میں 21 لاکھ سے زائد اور سال 2025 میں 22 لاکھ بین الاقوامی سیاح شامل تھے۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ سیاح افغانستان سے آئے جن کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 16 ہزار سے زائد رہی، جبکہ برطانیہ سے 10 لاکھ 17 ہزار اور امریکہ سے 5 لاکھ سے زائد سیاحوں نے پاکستان کا سفر کیا۔

تفصیلات کے مطابق سال 2024 میں افغانستان سے 6 لاکھ 41 ہزار 199 اور 2025 میں 5 لاکھ 75 ہزار 674 سیاح آئے۔ اسی طرح برطانیہ سے 2024 میں 5 لاکھ 3 ہزار 409 اور 2025 میں 5 لاکھ 14 ہزار 412 سیاح پاکستان پہنچے۔

امریکی سیاحوں کی تعداد 2024 میں 2 لاکھ 61 ہزار 282 اور 2025 میں 2 لاکھ 48 ہزار 665 رہی، جبکہ ایران سے 2 سالوں میں کل 2 لاکھ 60 ہزار سیاح آئے جن میں 2024 کے 1 لاکھ 6 ہزار 835 اور 2025 کے 1 لاکھ 52 ہزار 885 افراد شامل تھے۔

کینیڈا سے گزشتہ 2 برس میں 2 لاکھ 34 ہزار سیاح آئے، جن میں 2024 میں 1 لاکھ 16 ہزار 529 اور 2025 میں 1 لاکھ 17 ہزار 600 سیاح شامل تھے، جبکہ چین سے 2024 میں 74 ہزار 93 اور 2025 میں 85 ہزار 575 سیاحوں نے پاکستان کا رخ کیا۔

اس کے علاوہ جرمنی سے 2024 میں 41 ہزار 389 اور 2025 میں 43 ہزار 97 سیاح پاکستان آئے، جبکہ آسٹریلیا سے 2024 میں 59 ہزار 154 اور 2025 میں 58 ہزار 578 سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔

دیگر ممالک میں ملائیشیا سے 2024 میں 14 ہزار 187 اور 2025 میں 11 ہزار 626 سیاح آئے، جبکہ تھائی لینڈ سے سال 2024 میں 6 ہزار 762 اور 2025 میں 5 ہزار 694 سیاحوں نے پاکستان کا رخ کیا۔

Load Next Story