سندھ کو پاکستان کا پہلا اے آئی پر مبنی ڈیجیٹل صوبہ بنانے کے لیے اہم پیش رفت

وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کے دورۂ ہواوے کے دوران ڈیجیٹل صوبے کے قیام کے معاہدے پر اتفاق

سندھ کو پاکستان کا پہلا اے آئی پر مبنی ڈیجیٹل صوبہ بنانے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

سندھ حکومت اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے درمیان تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جسے سندھ کو پاکستان کا پہلا مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیجیٹل صوبہ بنانے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے دورۂ ہواوے کے دوران ڈیجیٹل صوبے کے قیام کے معاہدے پر اتفاق کیا گیا ہے۔  سندھ حکومت اور ہواوے کے درمیان سرکاری امور کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے لیے تعاون کا معاہدہ بھی ہوا ہے۔ سندھ میں صوبائی کلاؤڈ نظام، ڈیٹا سینٹرز اور جدید ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر کی ترقی کے لیے تعاون ہوگا۔

معاہدے کے تحت مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، اسمارٹ سٹیز اور ڈیجیٹل گورنمنٹ کے شعبوں میں تعاون کیا جائے گا۔ سندھ حکومت اور ہواوے کے درمیان نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنے کے لیے شراکت داری ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ٹیکنالوجی کی خریداری سے آگے بڑھ کر مشترکہ طور پر ٹیکنالوجی تیار کرنے پر زور دیا ہے۔

انہوں نے مشترکہ منصوبوں، مقامی صلاحیتوں اور نوجوانوں کی تربیت کے ذریعے ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شہریوں کو جدید سہولتیں فراہم کرنے کے لیے شراکت داری سے قابلِ پیمائش نتائج حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اس مفاہمتی یادداشت پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری سید قاسم نوید نے دستخط کیے، جبکہ معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ہواوے پاکستان کے چیئرمین نے شرکت کی۔

سندھ حکومت اور ہواوے کے درمیان مصنوعی ذہانت پر مبنی اسمارٹ پارکس کے قیام میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہواوے کی تحقیق و ترقی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور جدت کے لیے کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق و ترقی میں مسلسل سرمایہ کاری نے ہواوے کو عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں نمایاں مقام دلایا ہے۔

اس موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہواوے کی بنیاد 1987 میں چین کے شہر شینزن میں رکھی گئی، کمپنی مکمل طور پر اپنے ملازمین کی ملکیت ہے۔ ہواوے نے 2025 میں تحقیق و ترقی پر 192.3 ارب چینی یوآن خرچ کیے، کمپنی کی آمدنی کا 21.8 فیصد تحقیق کے لیے مختص رہا۔ ہواوے کی 2025 میں آمدنی 880.9 ارب چینی یوآن اور خالص منافع 68 ارب چینی یوآن رہا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ہواوے گزشتہ ایک دہائی کے دوران تحقیق و ترقی پر 1.38 ٹریلین چینی یوآن سے زیادہ خرچ کر چکی ہے۔ ہواوے قومی سطح پر انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کے فروغ میں کردار ادا کر رہی ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ایس آئی ایف سی اور ہواوے کے اقدام کے تحت 3 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو تربیت دینے کا ہدف ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی ہواوے کے ووہان میں عالمی ماڈل سائٹ کے سابقہ دورے کو مفید قرار دیا ہے۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے 2 کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کراچی میں جدید شہری انتظامی نظام متعارف کرانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا شہر کراچی میں ڈیٹا کی بنیاد پر اسمارٹ گورننس متعارف کرانے کا عزم رکھتی ہے۔ شہری مسائل کی بروقت نشاندہی اور بحرانوں سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی ضروری ہے۔

Load Next Story