حوثیوں کے 6 ٹھکانے تباہ؛ سعودیہ پر میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنادیے؛ اتحادی افواج

حوثیوں نے سعودی عرب کے ینبع شہر کو نشانہ بنایا جو بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع اہم صنعتی اور تیل برآمد کرنے والا شہر ہے

سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ینبع کی جانب آنے والا بیلسٹک میزائل، بحیرہ احمر میں دو کروز میزائل اور ریاض سمیت جنوبی علاقوں میں تین ڈرونز روک کر تباہ کردیے۔

سعودی اخبار کے مطابق اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے جمعہ کو الگ الگ بیانات میں بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے حالیہ گھنٹوں کے دوران سعودی عرب کی جانب آنے والے میزائل اور بغیر پائلٹ طیارے کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا۔

اتحادی افواج کے ترجمان نے مزید بتایا کہ بیلسٹک میزائل بحیرہ احمر کے ساحلی شہر ینبع کی جانب داغا گیا تھا جبکہ دو کروز میزائل بحیرہ احمر کے اوپر روکے گئے۔ اس کے علاوہ حوثیوں کے 3 ڈرونز کو سعودی عرب کے جنوبی علاقوں اور ریاض کے علاقے میں تباہ کیا گیا۔

اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے میزائلوں اور ڈرونز کے ممکنہ مقامِ پرواز، حملوں کے ذمہ داروں یا کسی ممکنہ نقصان اور جانی نقصان کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

خیال رہے کہ ینبع بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع اہم صنعتی اور تیل برآمد کرنے والا شہر ہے اس لیے اس کی جانب میزائل داغے جانے کی اطلاع خاص اہمیت رکھتی ہے۔

تاحال حوثی باغیوں کی جانب سے اس مخصوص میزائل اور ڈرون کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کرنے کی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان لڑائی میں شدت آئی ہے۔ حالیہ دنوں میں سعودی عرب کے ہوائی اڈوں اور توانائی کی تنصیبات کو بھی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

Load Next Story