بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان؛ قیمت میں 2.56 روپے فی یونٹ اضافے کی تیاری
ملک میں بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے، جس کے لیے حکومت قیمت میں 2.56 روپے فی یونٹ اضافے کی تیاری کررہی ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ بڑھانے کے لیے نیپرا سے باضابطہ درخواست کر دی گئی ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سی پی پی اے کی اس درخواست پر 29 اکتوبر کو سماعت کی جائے گی۔
اس سلسلے میں حکام نے ستمبر کے مہینے میں بجلی کی اوسط فیول لاگت 10 روپے 2 پیسے فی یونٹ ظاہر کی ہے، جبکہ اس کا تخمینہ 7 روپے 46 پیسے لگایا گیا تھا۔
درخواست میں بتائی گئی تفصیلات کے مطابق ستمبر کے دوران بجلی کی پیداوار پر کل لاگت 127 ارب 87 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ اس دوران مقامی کوئلے سے 7 ارب 95 کروڑ، درآمدی کوئلے سے 37 ارب 14 کروڑ، جبکہ ڈیزل اور فرنس آئل کے استعمال پر بالترتیب 13 ارب 26 کروڑ اور 11 ارب 81 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
سی پی پی اے کے اعداد و شمار کے مطابق مقامی گیس سے بجلی بنانے پر 13 ارب 89 کروڑ اور ایل این جی کے ذریعے پیداوار پر 31 ارب 93 کروڑ روپے کی لاگت آئی۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے مطابق ستمبر کے دوران بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی جانب سے صارفین کو مجموعی طور پر 12 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی گئی۔