کراچی ایئرپورٹ پر یورپ میں شادی کے ارادے سے جانے والے 2 ہم جنس پرست مسافر آف لوڈ

مسافروں نے بتایا کہ وہ تھائی لینڈ جاکر ہم جنس شادی کرنا چاہتے ہیں جسے بعد ازاں یورپ میں رجسٹر کروائیں گے، ایف آئی اے

کراچی:

 ایف آئی اے امیگریشن نے ہم جنس شادی کے ارادے سے تھائی لینڈ کے راستے یورپ جانے والے دو پاکستانی مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ پر پرواز سے آف لوڈ کردیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق آف لوڈ کیے گئے مسافروں کی شناخت مظفر گڑھ کے رہائشی شاہد اور سیالکوٹ کے رہائشی خلیل کے ناموں سے ہوئی، دونوں پاکستانی پاسپورٹس اور سیاحتی ویزوں پر تھائی لینڈ جانے والے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن جانچ پڑتال کے دوران شاہد نے بتایا کہ وہ طویل عرصے تک یورپ میں مقیم رہا ہے اور خلیل کے ساتھ تھائی لینڈ جا کر ہم جنس شادی کرنا چاہتا ہے جسے بعد ازاں یورپ میں رجسٹر کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ترجمان کے مطابق دوسرے مسافر خلیل نے بھی سفر کے بیان کردہ مقصد کی تصدیق کی۔ اس نے بتایا کہ شاہد سے اس کی ملاقات 2017 میں ہوئی تھی اور اس کے بعد دونوں رابطے میں رہے۔ خلیل کے مطابق شاہد اسے ماہانہ تقریباً 60 ہزار روپے مالی معاونت بھی فراہم کرتا رہا ہے اور دونوں یورپ میں اکٹھے رہنا چاہتے ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں مسافروں کے بیان کردہ سفری مقصد، تھائی لینڈ کے دورے کی نوعیت اور ممکنہ طور پر آگے یورپ جانے کے ارادے کے حوالے سے مزید جانچ پڑتال ضروری سمجھی گئی جس کے پیش نظر انہیں آف لوڈ کیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن حکام مسافروں کے سفری دستاویزات اور بیان کردہ مقاصد کی جانچ پڑتال متعلقہ قوانین اور ضابطہ کار کے مطابق کرتے ہیں۔

Load Next Story