پیپلز پارٹی نے کبھی اقتدار کا لالچ نہیں کیا، ہم مسلح افواج کے ساتھ ہیں، شرجیل میمن
فوٹو: فائل
سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کبھی اقتدار کا لالچ نہیں کیا، ہم مسلح افواج کے ساتھ ہیں۔
ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر اپنے بیان میں سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھ کر اپنی حکومت گنوائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم لوگوں کا خون بہتا رہا اور جوان شہید ہوتے رہے جبکہ بانی پی ٹی آئی دہشت گردوں کے دفاتر کھلوانے کی باتیں کرتے رہے، لہٰذا پی ٹی آئی کے پاس خیبر پختونخوا میں سیاسی بحران کا الزام اپنے سوا کسی اور کو دینے کا جواز نہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عوام کی خدمت کے بجائے پی ٹی آئی نے صوبے کو محاذ آرائی کی سیاست کا یرغمال بنا رکھا ہے ، اب اسے اپنے ہی فیصلوں کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ اصولوں کی سیاست اور جمہوریت کے استحکام پر یقین رکھتی ہے۔ پیپلز پارٹی نے کبھی اقتدار کا لالچ نہیں کیا۔ اگر شوق ہوتا تو وفاقی وزارتیں لیتی اور حکومت میں شریک ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے تجربہ کار سیاست دان کی جانب سے مایوس کن بیانات سننے کو مل رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کی جماعت خود دہشت گردی کا شکار رہی ہے، امید ہے وہ دہشت گردی کے خلاف غیر مبہم مؤقف اختیار کریں گے اور شہداء و متاثرین کے اہلِ خانہ سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔
شرجیل میمن نے پاک فوج کے جوانوں کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ہماری سلامتی کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں، سیاسی مفادات کو کبھی قومی سلامتی اور شہداء کی قربانیوں پر ترجیح نہیں دینی چاہیے اور ہم شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔