سان فرانسسکو؛ مغربی ساحل پر پاک-امریکا ٹیک کنیکٹ 2026 کا کامیاب انعقاد
فوٹو: پاکستانی سفارت خانہ
امریکا کے شہر سان فرانسسکو کی سلیکون ویلی میں پاک-امریکا ٹیک کنیکٹ 2026 کا کامیاب انعقاد ہوا جہاں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل سرمایہ کاری کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
امریکا میں پاکستان کے سفارت خانے سے جاری اعلامیے کے مطابق سان فرانسسکو کی سلیکون ویلی میں پاک-امریکا ٹیک کنیکٹ 2026 کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز ہوگیا، کانفرنس میں پاکستان کی ٹیکنالوجی کمپنیوں، صنعت کاروں اور امریکی کاروباری شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
شرکا نے پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کی امریکی منڈیوں تک رسائی، مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی اور مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کم لاگت، معیاری اور مسابقتی ٹیکنالوجی خدمات فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اقتصادی تعلقات کا اہم ستون ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں باہمی مفاد پر مبنی شراکت داریوں کے قیام، امریکی منڈیوں میں رسائی میں توسیع اور ابھرتی ٹیکنالوجیز میں مشترکہ سرمایہ کاری کو بڑھا نا ہو گا اور پاک-امریکا ٹیک کنیکٹ جیسے اقدامات پاکستان کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، سازگار آبادیاتی عوامل سے استفادہ کرنے اور جدید شراکت داریوں کو فروغ دینے کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے
رضوان سعید شیخ نے سلیکون ویلی اور امریکی ویسٹ کوسٹ میں مقیم پاکستانی نژاد امریکی ماہرین پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو کم لاگتی، معیاری اور مسابقتی ٹیک ڈیسٹینیشن کے طور پر متعارف اور مستحکم کرنے کی مشترکہ کوششوں میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔
پاکستانی سفیر نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان طویل المدتی شراکت داری کے فروغ کے لیے سفارت خانے کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
واضح رہے کہ پاک-امریکا ٹیک کنیکٹ کانفرنس کے اگلے اجلاس 19 اکتوبر کو ڈیلاس، 21 اکتوبر کو واشنگٹن ڈی سی اور 23 اکتوبر کو شکاگو میں منعقد ہوں گے۔