آسٹریلوی خاتون رکن پارلیمنٹ پر حملہ آور نے گاڑی چڑھادی، حالت تشویشناک

43 سالہ شخص کو موقع پر موجود ایک شہری نے قابو کیا، پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ گاڑی سے ایک چھری بھی برآمد ہوئی

آسٹریلوی رکن پارلیمنٹ ہیلن ہینز کو انتخابی دفتر کے باہر گاڑی سے ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا ۔

آسٹریلیا میں خاتون رکن پارلیمنٹ ہیلن ہینز کو حملہ آور نے گاڑی سے ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق 65 سالہ آزاد رکن پارلیمنٹ کو پیر کے روز ریاست وکٹوریہ کے شہر وانگاراٹا میں ان کے انتخابی دفتر کے باہر ایک سفید گاڑی نے ٹکر ماری۔

انہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے بعدازاں ہیلی کاپٹر کے ذریعے میلبورن کے اسپتال پہنچایا گیا۔ ان کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق گاڑی چلانے والے 43 سالہ شخص کو موقع پر موجود ایک شہری نے قابو کیا، جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ گاڑی سے ایک چھری بھی برآمد ہوئی۔

حکام اس بات کی تحقیقات کررہے ہیں کہ آیا یہ واقعہ دانستہ حملہ تھا اور ملزم کا خاتون رکن پارلیمنٹ سے کوئی سابقہ تعلق تھا یا نہیں۔

آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیزی نے واقعے کو بظاہر دانستہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی حملے کے محرکات کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

وزیر داخلہ ٹونی برک نے کہا کہ سیاست دانوں کو دھمکانے اور ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران ایسے واقعات کی رپورٹیں ایک ہزار سے تجاوز کرگئیں۔

ہیلن ہینز 2019 سے پارلیمنٹ کی رکن ہیں اور بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھانے کے حوالے سے جانی جاتی ہیں۔

پولیس کے بقول فی الحال عوام کو کسی مسلسل خطرے کا سامنا نہیں تاہم ملزم سے تفتیش جاری ہے اور ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہے اور جلد ہی کسی نتیجے میں پہنچ جائیں گے۔

 

Load Next Story