اسلام آباد کچہری خودکش دھماکے کے متاثرین کو معاوضہ ادائیگی کا معاملہ وفاقی حکومت کو ارسال

ابھی تک متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق کوئی پالیسی نہیں بنی، سیکشن افسر وزارت داخلہ

فوٹو: فائل

اسلام آباد:

اسلام آباد کچہری خودکش دھماکے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں  ہوئی جس میں متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کا معاملہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔

سیکشن افسر وزارت داخلہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ ابھی تک متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق کوئی پالیسی نہیں بنی ہے ۔ پالیسی بننے کے بعد اسے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو معاوضے کی ادائیگی کی پالیسی جلد مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملہ سیکرٹری کابینہ کو بھیجنے کا حکم دیا۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ معاوضے کی ادائیگی کا معاملہ وفاقی حکومت تک پہنچ گیا، چلیں کچھ تو ہوا، اس میں سب کا بھلا ہو جائے گا اور متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کا پیکج بن جائے گا۔

عدالت نے ہدایت کی کہ معاملہ سیکرٹری کابینہ کو بھیج کر کہیں کہ وہ اس کو کابینہ میں رکھیں اور آپ اس معاملے کو فالو کریں اور سیکرٹری کابینہ کے ساتھ رابطے میں رہیں۔

سماعت میں درخواست گزار کے وکلا تصدق حنیف، بلال مغل اور چوہدری نجم الحسن عدالت میں پیش ہوئے۔ بعد ازاں عدالت نے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 نومبر تک ملتوی کر دی۔

Load Next Story