خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، فیصل کریم کنڈی
فوٹو: فائل
خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے، امن و امان کے قیام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں جماعت اسلامی کے مرکز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نائب امیر پروفیسر ابراہیم سے ملاقات کی، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی عنایت اللہ خان، امیر وسطی اضلاع عبدالواسع، ہزارہ ڈویژن کے امیرعبدالرزاق عباسی، سابق رکن قومی اسمبلی صابر حسین اعوان اور دیگر قائدین موجود تھے۔
ملاقات میں صوبے کی مجموعی صورت حال، امن و امان اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور صوبے کو درپیش مسائل، عوامی مشکلات اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر گفتگو کی گئی اور صوبے کی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مختلف شعبوں کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جنوبی اضلاع کی زمینوں کو آباد کرنے سے صوبے کی زرعی ضروریات کو پورا کیا جاسکتا ہے، زراعت کے شعبے کی ترقی سے معیشت مستحکم اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں اور پولیس شہدا کے لواحقین کی فلاح و بہبود اولین ترجیحات میں شامل ہے، صوبے میں صفائی ستھرائی کی بہتری اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز کارروائی جاری ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بجلی خالص منافع، این ایف سی اور وفاق سے جڑے مسائل کے لیے جماعت اسلامی کی بھی سپورٹ چاہیے، امن نہیں ہوگا تو ترقی نہیں ہوگی، صوبے کی ترقی امن کے قیام سے جڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے، امن و امان کے قیام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کی جماعت اسلامی کی صوبائی قیادت سے ملاقات میں صوبے میں گورننس کی بہتری پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور صوبائی دارالحکومت پشاور میں نکاسی آب سمیت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔