آبنائے ہرمز میں سپر آئل ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا کر شعلوں کی نذر؛ پاسداران انقلاب

پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا کہ متاثرہ جہاز میں 20 لاکھ بیرل سے زائد تیل موجود تھا

آبنائے ہرمز میں سپر آئل ٹینکر میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی؛ (فائل فوٹو)

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں تیل بردار ایک سپر جہاز سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا اور اس میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا کہ متاثرہ جہاز میں 20 لاکھ بیرل سے زائد تیل موجود تھا۔

پاسداران انقلاب نے کہا کہ جہاز نے آبنائے ہرمز میں ایران کی جانب سے مقرر کردہ بحری ضابطوں کی خلاف ورزی کی اور تنبیہ کے باوجود اپنا راستہ تبدیل نہیں کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سپر جہاز نے اپنے محلِ وقوع کی نشاندہی کرنے والے نظام اور ریڈار بھی بند کر رکھے تھے تاکہ اسے پکڑا نہ جا سکے۔

تاحال ایرانی حکام نے سپر جہاز کا نام، اس کے پرچم، عملے کی صورت حال اور ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دو دیگر تیل بردار جہازوں کے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے اور آگ لگنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان نے ان واقعات سے متعلق ایرانی دعوے کو غلط قرار دیا تھا۔

آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے جسے ایران نے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں مارچ سے بند کر رکھا ہے۔
 

Load Next Story