یتیم بچے وسیم کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک
معصوم یتیم بچے وسیم عباس کو گاڑی تلے کچل کر ہلاک کرنے کا ملزم توقیر نذیر سی سی ڈی بہاولپور کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی فائرنگ کرتا ہوا فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم توقیر نذیر نے گزشتہ روز ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے وسیم عباس کو اپنی گاڑی تلے کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں بچہ جاں بحق ہوگیا۔ ملزم گزشتہ رات سی سی ڈی ملتان کی حراست سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق سی سی ڈی بہاولپور کی ٹیم نے آج صبح بہاولپور میں ایسٹرن بائی پاس پر موٹرسائیکل پر سوار دو مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے رکنے کے بجائے پولیس ٹیم پر براہِ راست فائرنگ شروع کردی۔
فائرنگ کے تبادلے میں موٹرسائیکل سوار ایک شخص ہلاک ہوگیا، جس کی بعد ازاں شناخت ملزم توقیر نذیر کے نام سے ہوئی۔ ملزم کا ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگیا۔
سی سی ڈی حکام کے مطابق فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تعاقب کر رہی ہیں۔