امریکی ٹیک کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، پاکستانی سفیر

پاک۔امریکا اقتصادی تعلقات میں جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری، تزویراتی اہمیت کی حامل ہے، رضوان سعید شیخ

واشنگٹن:

سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے امریکی ٹیک کمپنیوں کو پاکستان میں اشتراکِ عمل کے وسیع اور مُنافع بخش مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت  دی ہے۔

سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے ڈیلاس، ٹیکساس میں ’پاک۔امریکا ٹیک کنیکٹ 2026‘ سے خطاب کرتے ہوئے تکنیکی تعاون، سرمایہ کاری اور طویل مُدت کاروباری ساجھے داریوں کے فروغ پر زور دیا۔ ایونٹ میں ممتاز پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں، امریکی کاروباری شخصیات، سرمایہ کار اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ارکان کی  بھرپور شرکت کی۔

واضح رہے کہ پاک امریکا ٹیک کنیکٹ 2026 کانفرنس سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی، قونصل خانۂ پاکستان ہیوسٹن، وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (PSEB) کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔

امریکا کے تجارتی اور مالیاتی مرکز ڈیلاس میں  کانفرنس کا کامیاب انعقاد پاک۔امریکا ٹیک کنیکٹ  2026سیریز  کا حصہ تھی، جس کا مقصد امریکی ٹیکنالوجی مارکیٹ میں پاکستان کی رسائی بڑھانا اور طویل مدتی تجارتی و تکنیکی شراکت داریوں کو فروغ دینا ہے۔

پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک۔امریکا اقتصادی تعلقات میں جدید ٹیکنالوجی  میں سرمایہ کاری، تزویراتی اہمیت کی حامل ہے۔ امریکا عالمی ٹیکنالوجی کا مرکز اور پاکستان کی سب سے بڑی آئی ٹی برآمدی مارکیٹ ہے، جہاں ابھرتی ٹیکنالوجیز اور مصنوعی ذہانت میں دو طرفہ باہمی اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں  تقریباً 60 فیصد سے اوپر  آبادی 30 سال سے کم عمرنوجوانوں پر مشتمل ہے جو ہمارا قومی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔

ٹیک کانفرنس 2026 میں کاروباری روابط بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس میں 13 معروف پاکستانی ٹیک کمپنیاں شرکت کررہی ہیں۔

سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ ٹیک کانفرنس میں شرکت کرنے والی پاکستانی کمپنیوں کو بین الاقوامی تجربہ اور اپنے  مخصوص شعبوں میں مسلمہ   مہارت حاصل ہے ۔ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد محض پاکستانی ٹیک کمپنیوں  کی کار کردگی اور صلاحیتوں کی نمائش نہیں بلکہ عالمی معیار کے عین مُطابق بامعنی تجارتی روابِط کو استوار کرنا ہے۔

انہوں نے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں استعداد، مہارت اور منافع بخش مواقع اجاگر کرتے ہوئے امریکی اداروں کو ان سے  فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ا بھرتی ہوئی مسابقتی برتری امریکی کاروباری اداروں کے لیے سرمایہ  کاری کے اہم اور نتیجہ خیز  مواقع فراہم کر سکتی ہے۔

سفیر پاکستان نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کو کاروباری روابط بڑھانے، پاکستان کو قابلِ اعتماد اور مسابقتی ٹیکنالوجی شراکت دار کے طور پر متعارف کرانے اور عالمی سطح پر اس کی ساکھ مضبوط بنانے میں فعال کردار ادا کرنے کی تاکید بھی کی۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ  سفارت خا نہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان پائیدار  تیکنیکی تعاون، سرمایہ کاری میں سہولت اور طویل مدتی تجارتی شراکت داریوں کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ ان روابط کو ٹھوس تجارتی مواقع، ٹیکنالوجی شراکت داریوں اور دیرپا سرمایہ کاری تعلقات میں تبدیل کرنا  وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس موقع پر خطاب کرنے ہوئے سی ای او پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (PSEB) نے پاکستانی آئی ٹی صنعت کی مسلسل ترقی اور عالمی مسابقتی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سالانہ تقریباً 70 ہزار آئی ٹی اور کمپیوٹر سائنس گریجویٹس تیار کرتا ہے۔  پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں گزشتہ 4 برس کے دوران اوسطاً 21 فیصد سالانہ اضافہ، ستمبر 2026 میں برآمدات تقریباً 435 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکا پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کی اہم ترین بین الاقوامی مارکیٹ ہے۔

ٹیک   کانفرنس کے دوران پاکستان کی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، سائبر سکیورٹی، مالیاتی ٹیکنالوجی اور انٹرپرائز سلوشنز میں بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔

پی ایس ای بھی کے سی ای او نے کہا کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ  سرمایہ کاروں کی معاونت اور عملی  مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں، بشمول اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

کانفرنس میں ممتاز پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے اپنی بین الاقوامی تجربے، جدید حل اور عالمی صارفین کے ساتھ کامیاب کاروباری روابط کو اجاگر کرنے کیلئے  پریزنٹیشنز دیں۔

کانفرنس میں کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست روابط پر خصوصی توجہ دی گئی، جس سے پاکستانی کمپنیوں کو امریکی کارپوریٹ عہدیداروں، سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی کے خریداروں اور اسٹریٹجک شراکت داروں سے تبادلۂ خیال کے مواقع میسر آئے۔

اس موقع پر  ڈیلاس۔فورٹ ورتھ اور ریاست ٹیکساس کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے امریکی کاروباری عہدیداروں، سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی خریداروں اور اسٹریٹجک شراکت داروں نے پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ کاروباری روابط  استوار کرنے کے مواقع سے استفادہ کیا۔

پاک۔امریکا ٹیک کنیکٹ 2026 کے تحت آئندہ کانفرنسیں 21 اکتوبر کو واشنگٹن ڈی سی اور 23 اکتوبر 2026 کو شکاگو میں منعقد ہوں گی۔ ان کانفرنسسز کے انعقاد  کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کی مسابقتی ٹیکنالوجی کو مستحکم کرنا اور جدید ڈیجیٹل اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا عکاس ہے۔

Load Next Story