ایران کے چیف مذاکرات کار باقر قالیباف کی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے اہم ملاقات

ملاقات میں ایران کو درپیش فوجی، معاشی اور ذہنی محاذوں پر امریکا اور اسرائیل سے جنگ کا ذکر کیا

فوٹو: فائل

ایران کے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں ملک کی تازہ صورت حال، امریکا اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی اور معاشی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی خبر رساں ادارے پریس ٹی وی کے مطابق آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے باقر قالیباف سے ملاقات میں ایران کو درپیش فوجی، معاشی اور ذہنی محاذوں پر امریکا اور اسرائیل کی جنگ کا ذکر کیا۔

ملاقات میں رہبرِ اعلیٰ نے دوران گفتگو ملک کی دفاعی اور دیگر صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے قومی اتحاد اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے میں پارلیمنٹ کے کردار کو بھی اہم قرار دیا۔

پریس ٹی وی کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے حکومت اور پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے حل کے لیے مل کر کام کریں۔

رہبرمعظم نے ایران کے تزویراتی شراکت داروں سے متعلق معاملات کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر بھی توجہ دلائی۔

تاہم پریس ٹی وی کی رپورٹ میں ملاقات کی تاریخ، دورانیے یا زیرِ بحث آنے والے مخصوص فیصلوں کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ معاشی مسائل کے حل یا تزویراتی شراکت داروں سے متعلق امور پر کوئی عملی فیصلہ کیا گیا یا نہیں۔

واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملے میں اُس وقت کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد ان کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای نے ذمہ داری سنبھالی تاہم اب تک وہ منظرعام پر نہیں آئے ہیں اور نہ ہی تصویر یا ویڈیو سامنے آئی ہے۔

 

Load Next Story