آذربائیجان کے راستے یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش ناکام، 3 مسافر آف لوڈ

مسافروں نے ویزوں اور ٹکٹوں کے انتظام کے لیے وہاڑی کے ٹریول ایجنٹس کو 6 لاکھ روپے ادا کیے تھے

ملتان:

ایف آئی اے امیگریشن ملتان نے آذربائیجان کے راستے یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 26 کے ذریعے ملتان سے آذربائیجان جا رہے تھے۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک سفری پروفائل سامنے آنے پر مسافروں کو مزید جانچ پڑتال اور تفصیلی انٹرویو کے لیے ریفر کیا گیا۔

مسافروں کی شناخت حافظ محمد آصف، طارق بشیر اور محمد الیاس کے نام سے ہوئی۔ مسافروں کے موبائل فون پیغامات کی جانچ اور دورانِ تفتیش پوچھ گچھ کے دوران مبینہ طور پر یورپ جانے کے غیر قانونی منصوبے کا انکشاف ہوا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق مسافروں نے آذربائیجان پہنچنے کے بعد سربیا اور دیگر یورپی ممالک میں غیر قانونی طور پر سفر کرنا تھا۔

مسافروں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ویزوں اور ٹکٹوں کے انتظام کے لیے وہاڑی کے ٹریول ایجنٹس کو 6 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔ مسافروں کے مطابق باقی رقم منزل پر پہنچنے کے بعد ادا کی جانی تھی۔

ترجمان کے مطابق مسافروں کو مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا گیا۔ ایف آئی اے امیگریشن ملتان کی جانب سے غیر قانونی ہجرت کی روک تھام کے لیے سخت اسکریننگ جاری ہے۔

Load Next Story