پشاور ہائیکورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کی سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کا نوٹس معطل کر دیا
پشاور ہائیکورٹ نے غیر فعال ڈپٹی اسپیکر کی سرکاری رہائش گاہ سے متعلق کیس میں نوٹس معطل کرتے ہوئے انہیں رہائش گاہ میں رہنے کی اجازت دے دی اور گرفتاری سے روک دیا۔
عدالت کے تحریری حکم نامے کے مطابق صدارتی حکم نامے اور سرکاری رہائش گاہ خالی کرنے کے حکم میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کا ذکر نہیں ہے۔
کیس کی سماعت میں ڈپٹی اسپیکر کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ خیبرپختونخوا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر ایکٹ 2026 کے تحت ڈپٹی اسپیکر سرکاری رہائش گاہ استعمال کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ عہدے کی مدت کے دوران قانون نافذ کرنے والے ادارے سرکاری رہائش گاہ پر چھاپا نہیں مار سکتے۔
ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہنگامی صورت حال میں حکومت کو وزرا، مشیروں اور ڈپٹی اسپیکر کی سرکاری رہائش گاہیں خالی کرانے کا اختیار حاصل ہے۔ ڈپٹی اسپیکر کے خلاف چترال کے ڈپٹی کمشنر کی مدعیت میں دفعہ 406 کے تحت مقدمہ بھی درج ہے۔