دشمن صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے، ڈرون ٹیکنالوجی میں ترقی کرلی، پاسداران انقلاب
احمد واحدی نے دعویٰ کیا کہ ایران سمندر میں بھی اپنی مضبوط موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہے
ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ احمد واحدی نے کہا ہے کہ دشمن طاقت کے سوا کوئی زبان نہیں سمجھتا جس کے لیے ایران نے ڈرون ٹیکنالوجی اور بغیر پائلٹ فضائی طیاروں کے شعبے میں نمایاں پیش رفت حاصل کرلی ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق احمد واحدی نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن کے ساتھ معاملہ کرنے کے لیے طاقت اور قوت کا مظاہرہ ضروری ہے۔
ان کے بقول ایران نے بغیر پائلٹ طیاروں کی تیاری اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اچھی سطح کی مہارت حاصل کرلی ہے۔
احمد واحدی نے دعویٰ کیا کہ ایران سمندر میں بھی اپنی مضبوط موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ملک نے ڈرونز اور بغیر پائلٹ فضائی نظام کی تیاری میں اچھی پختگی حاصل کرلی جو اس کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ نے ایرانی فوجیوں کے حوصلے بلند قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوج کے اہلکار بہت اچھے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ایران طویل عرصے سے ڈرون ٹیکنالوجی کو اپنی دفاعی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیتا آیا ہے جس کے مقامی سطح پر تیار کردہ بغیر پائلٹ طیارے کو دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بناتے ہیں۔
تاہم ایرانی سرکاری میڈیا کی رپورٹ میں ڈرون ٹیکنالوجی میں حالیہ پیش رفت کی نوعیت، نئے نظاموں کی خصوصیات یا ان کی عملی کارکردگی کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔