ایران سے معاہدے کی امید؛ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں 3 فیصد تک گر گئیں

اسرائیل لبنان جنگ بندی کے بعد امریکا ایران سیزفائر کے امکانات بھی روشن ہوگئے جس کا تیل کی مارکیٹ پر مثبت اثر پڑا

صدر ٹرمپ نے پیٹرول کی قیمتوں میں جلد بڑی اور نمایاں کمی کی خوش خبری سنادی

ایران کے ساتھ جنگ ختم ہونے اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھلنے کی امیدوں کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 3 فیصد کمی ہوگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے بعد سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان بھی جنگ کے خاتمے کے لیے پیش رفت ہوسکتی ہے۔

اس سے تیل کی عالمی رسد بحال ہونے اور قیمتوں پر دباؤ کم ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں اور برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں میں پیٹرول کی قیمتیں 3 فیصد تک گ گئیں۔

خام تیل برینٹ کی قیمت 3.20 ڈالر یعنی 3.27 فیصد کمی کے بعد 94.61 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 3.71 ڈالر یعنی 3.86 فیصد گر کر 92.31 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز پر اپنا کنٹرول برقرار رکھنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ اس اہم سمندری راستے سے جہازوں کی آمدورفت میں رکاوٹوں نے عالمی توانائی کی منڈی کو متاثر کیا ہے جنگ سے قبل دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی تیل کی رسد اسی راستے سے گزرتی تھی۔

ادھر حوثیوں نے باب المندب میں سعودی بحریہ کی ناکہ بندی کر رکھی ہے اور سعودی شہروں میں مختلف اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں جس سے مملکت میں تیل کی پیداوار اور ترسیل میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

Load Next Story