واشنگٹن: پاکستان کا تکنیکی شراکت داری کے فروغ کے لیے ’پاکستان-یو ایس ٹیک کنیکٹ 2026‘ کا انعقاد

پاک امریکا تعلقات میں ٹیکنالوجی شراکت داری ایک اہم اور امید افزا موقع ہے، امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ

واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں ’’پاکستان امریکا ٹیک کنیکٹ 2026‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور امریکی اداروں کے درمیان کاروباری روابط اور ٹیکنالوجی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

پاکستانی سفارت خانے نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، اوپن گلوبل اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے اشتراک سے تقریب کا انعقاد کیا، جس میں پاکستان کی 16 نمایاں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔

ان کمپنیوں نے مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا اینالیٹکس، مالیاتی ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں میں اپنی خدمات اور جدید حل پیش کیے۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں ٹیکنالوجی شراکت داری ایک اہم اور امید افزا موقع ہے۔ دونوں ممالک کو روایتی سکیورٹی تعاون سے آگے بڑھتے ہوئے انسدادِ دہشت گردی سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب توجہ منتقل کرنا ہوگی، جس سے مستقبل میں دونوں ممالک کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیاں مصنوعی ذہانت سمیت جدید شعبوں میں عالمی معیار کے مطابق خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ پاکستان کی ڈیجیٹل شعبے میں صلاحیتیں نمایاں ہیں اور انہیں عالمی منڈیوں میں مزید مؤثر انداز میں متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید ٹیکنالوجی پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی، جدت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

گورنر سندھ نے ان خیالات کا اظہار واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ پاکستان-یو ایس ٹیک کنیکٹ 2026 سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان-یو ایس ٹیک کنیکٹ 2026 دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی اور کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے امید کی نئی کرن ہے۔ وزیراعظم پاکستان آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے اور امریکی اداروں کے ساتھ کاروباری شراکت داری قائم کرنے کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔

پاکستان-یو ایس ٹیک کنیکٹ 2026 میں پاکستان کی 16 ممتاز ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا مقصد پاکستان اور امریکہ کے درمیان ٹیکنالوجی، جدت اور کاروباری روابط کو فروغ دینے کے لیے تعاون کے نئے امکانات کو اجاگر کرنا ہے۔

تقریب کے دوران مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو روایتی آئی ٹی خدمات کی فراہمی سے آگے بڑھ کر اپنی ٹیکنالوجی مصنوعات، دانشورانہ ملکیت اور قابلِ توسیع جدید حل تیار کرنے پر توجہ دینی چاہیے، تاکہ عالمی ٹیکنالوجی منڈی میں پاکستان کی مسابقت اور برآمدات میں اضافہ ہوسکے۔

Load Next Story