سیکیورٹی فورسز نے گوادر میں دہشت گردوں کے حملے ناکام بنادیے، خاتون سمیت 10 دہشت گرد ہلاک
سکیورٹی فورسز نے گوادر میں دہشت گردی کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے خاتون دہشت گرد سمیت 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک شہری شہید ہوگیا۔ کارروائیوں کے دوران چند گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، تاہم سکیورٹی فورسز کا کوئی اہلکار شہید نہیں ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 22 اکتوبر 2026 کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں نے ضلع گوادر میں گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کی کوشش کی۔سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے، شہریوں کی حفاظت اور علاقے کو کلیئر کرانے کے لیے گوادر شہر اور گردونواح میں کلیئرنس آپریشنز کیے۔ مختلف جھڑپوں کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے، جس کے بعد علاقے میں امن و امان بحال کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ حملے میں ایک بلوچ خاتون کو استعمال کیا جانا قابلِ مذمت ہے۔ دہشت گرد تنظیمیں اپنے مقاصد کے لیے بلوچ خواتین کا استحصال کررہی ہیں، جو بلوچ اور اسلامی روایات کے منافی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنے نام پر خون بہانے والوں کو مسلسل مسترد کرتے آئے ہیں اور دہشت گردوں کے ان ہتھکنڈوں کو بھی پہچان لیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پْرعزم ہیں۔