لوئر دیر کے علاقوں میں خسرہ کی وبا پھوٹ پڑی، 5 بچے جاں بحق
لوئر دیر کے دو علاقوں میں خسرہ کی وبا پھوٹ پڑی، جس سے 5 بچے جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق لوئر دیر کے دُور افتادہ علاقوں غوڑاہ بانڈہ اور خوڑ بانڈہ میں خسرہ کی وبا پھوٹ پڑی ہے جس کے نتیجے میں 5 بچے جاں بحق جبکہ کئی دیگر متاثر ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ خسرہ سے متاثرہ متعدد بچے علاج کی غرض سے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
حکام کے مطابق تشویش ناک صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر دیر لوئر بشارت احمد اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور بچوں کی وفات پر سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔
حکام نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں ویکسینیشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے میں تعاون کریں تاکہ وبا پر قابو پایا جا سکے۔