خیبرپختونخوا کے نامزد اضلاع میں محکمہ صحت کی بھرتیوں پر پابندی عائد

آئندہ احکامات تک کسی بھی قسم کی بھرتی شروع، مکمل یا آگے نہیں بڑھائی جائے گی، اعلامیہ

پشاور:

خیبرپختونخوا کے نامزد اضلاع میں محکمہ صحت کے اداروں اور دفاتر میں بھرتیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

محکمہ صحت نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتالوں کو نئی بھرتیوں سے روک دیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق  آئندہ احکامات تک کسی بھی قسم کی بھرتی شروع، مکمل یا آگے نہیں بڑھائی جائے گی۔

محکمہ صحت کے اعلامیے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایسی تمام بھرتیاں فوری طور پر روک دی جائیں جن میں اسامیوں کے اشتہارات، انٹرویوز، ٹیسٹ اور میرٹ لسٹ کی تیاری شامل ہے۔

اعلامیے کے مطابق کسی امیدوار کو تقرری کا حکم نامہ جاری کرنے، جوائننگ دینے یا ملازمت پر تعینات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسر ذمہ دار ہوگا۔

Load Next Story