لندن؛ انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز کے زیر انتظام سیمینار کا انعقاد، ملکی و علاقائی صورتحال  پر گفتگو

بھارت کی ہندوتوا پالیسی پر مبنی سیاست خطے میں بدامنی کا باعث ہے

لندن میں انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز کے زیر انتظام سیمینار میں پاکستان کے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) مظہر جمیل نے موجود ملکی و علاقائی صورتحال پر گفتگو کی.

لیفٹیننٹ جنرل (ر) مظہر نے بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم اور علاقائی بالادستی کی سوچ کو جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ قرار دیا.

لیفٹیننٹ جنرل (ر) مظہر نے خطاب کے دوران کہا کہ بھارت کی ہندوتوا پالیسی پر مبنی سیاست خطے میں بدامنی کا باعث ہے.

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جوہری ہتھیار پہلے استعمال نہ کرنے کی پالیسی کے دعوے پر سوالیہ نشان ہے. بھارت کے میزائل پروگرام اور دوہری صلاحیتوں کے حامل ہتھیار خطے میں تصادم کا خطرہ بڑھا رہے ہیں.

مئی 2025 کے بحران میں بھارتی جارحیت نے جنوبی ایشیا کو جوہری تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا تھا. پاکستان نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے بعد ذمہ دارانہ طرزِ عمل اپناتے ہوئے کشیدگی مزید نہیں بڑھائی.

مظہر جمیل نے کہا کہ پاکستان کی پالیسی واضح ہے، جارحیت کرنے والے کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی، پاکستان کا جوہری اور فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس خطے میں اسٹریٹجک توازن برقرار رکھنے کا اہم ستون ہیں.

بھارت مسئلہ کشمیر کے حل سے گریز کرکے فوجی طاقت اور جارحیت کے ذریعے تنازع دبانے کی کوشش کر رہا ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے.

Load Next Story