زلمے خلیل زاد کا پاکستان پر افغانوں کو طالبان کیخلاف استعمال کرنے کا الزام، حقیقت؟
زلمے خلیل زاد نے حال ہی میں قطر اور جنوبی ایشیائی ممالک کا دورہ کیا، فوٹو: فائل
پاکستان نے افغانوں کو طالبان اور ان کے حامی دہشتگرد گروہوں سے لڑنے کے لیے مسلح کرنے پر زلمے خلیل زاد کے بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق زلمے خلیل زاد کے بے بنیاد دعوے محض ذاتی ایجنڈے کا حصہ ہیں جس کا مقصد دہشتگردی کی حامی طالبان ریجیم کو تقویت دینا ہے۔
پاکستان کے جائز انسدادِ دہشتگردی آپریشنز کو افغان شہریوں کی بھرتی یا مسلح گروہوں کی سرپرستی کے الزامات کے ساتھ جوڑنا انتہائی گمراہ کن عمل ہے۔
پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے ہے اور اس نے علاقائی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
اقوام متحدہ کی مسلسل مانیٹرنگ رپورٹس میں افغانستان کے اندر ٹی ٹی پی اور القاعدہ سمیت دہشتگرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
زلمے خلیل زاد کے الزامات افغان طالبان کی اس ذمہ داری سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف بھارتی پراکسیز کے استعمال سے روکیں۔
زلمے خلیل زاد کی جانب سے ایسے بے بنیاد الزامات کا پرچار صرف ان کے متعصبانہ اور ایجنڈے پر مبنی خیالات کو بے نقاب کرتا ہے.