مکہ مکرمہ، جدہ اور طائف میں حوثی حملوں کا خطرہ، سعودی سول ڈیفنس کا الرٹ جاری

محکمہ شہری دفاع نے انتباہ واپس لینے کے بعد بھی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایات دیں

سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے ملک کے مغربی حصے کے چار علاقوں میں ممکنہ خطرے سے متعلق ہنگامی انتباہ جاری کیا، جن میں مکہ مکرمہ، جدہ، طائف اور ساحلی شہر ینبع شامل ہیں۔ تاہم یہ انتباہ جاری ہونے کے چند منٹ بعد ہی واپس لے لیے گئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، سعودی شہری دفاع نے متعلقہ علاقوں کے رہائشیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ فوری طور پر قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہوجائیں۔ مکہ مکرمہ مسلمانوں کے لیے مقدس ترین شہر ہے، جبکہ جدہ بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع ایک اہم شہر ہے۔

محکمہ شہری دفاع نے انتباہ واپس لینے کے بعد بھی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایات دیں۔ حکام نے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے یا ان کے خلاف کارروائی سے متعلق تصاویر اور معلومات سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع پر شیئر کرنے کے خلاف قانونی تنبیہ بھی دہرائی۔

رپورٹ میں فوری انتباہ جاری کیے جانے کی وجہ، کسی میزائل یا ڈرون کی موجودگی اور ممکنہ نقصان سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ حکام کی جانب سے الرٹ واپس لیے جانے کے بعد ان علاقوں میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع بھی رپورٹ میں شامل نہیں ہے۔

Load Next Story