راولپنڈی: ہولی فیملی ہسپتال میں سرنجز، کینولا، سرجیکل سامان اور اینٹی بائیوٹکس کی قلت کا انکشاف

محکمہ صحت پنجاب نے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس ہولی فیملی ہسپتال سے 24 گھنٹوں میں جواب طلب کر لیا

راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں سرنجز، کینولا، سرجیکل سامان اور اینٹی بائیوٹکس کی مبینہ قلت کا انکشاف ہوا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب نے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس ہولی فیملی ہسپتال ڈاکٹر اعجاز بٹ سے 24 گھنٹوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔ سیکرٹری ہیلتھ آپریشنز نے سوال اٹھایا ہے کہ دیگر اسپتالوں میں اسٹاک موجود ہونے کے باوجود طبی سامان کا باہمی تبادلہ کیوں نہیں کیا گیا؟

محکمہ صحت نے ناقص منصوبہ بندی اور بدانتظامی پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے، جبکہ تسلی بخش جواب نہ ملنے پر ایم ایس کے خلاف محکمانہ کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔

ہولی فیملی ہسپتال میں طبی سامان کی مبینہ قلت کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ غریب مریضوں کو مہنگے ٹیسٹ اور ادویات باہر سے خریدنے پر مجبور کیے جانے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔

دوسری جانب ایم ایس ڈاکٹر اعجاز بٹ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سامان کی قلت کے وہ ذمہ دار نہیں، بلکہ ٹینڈر بروقت کرنا محکمہ صحت لاہور کی ذمہ داری تھی۔ طبی سامان کی فراہمی میں رکاوٹ کے معاملے پر محکمہ صحت اور ہسپتال انتظامیہ آمنے سامنے آ گئے ہیں، جبکہ ایم ایس کے جواب کے بعد آئندہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

Load Next Story