پاکستان کی ٹرائی سیریز میں کارکردگی اچھی ہے، فخر زمان کی ٹیم میں موجودگی ضروری ہے؛ شاہین آفریدی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ ٹرائی سیریز میں پاکستان کی کارکردگی اچھی رہی ہے اور ٹیم نے دونوں میچز میں ہدف کا کامیابی سے دفاع کیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے سری لنکا کو کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ بھی اچھا رہا۔
شاہین آفریدی کے مطابق پاکستان کو بھی اسی نوعیت کی پچز ملنے کی توقع ہے اور ٹیم وہاں بھی اچھی کرکٹ کھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کی بولنگ میں اچھی کارکردگی ٹیم کے لیے فائدہ مند رہی ہے۔
کپتان نے کہا کہ انہیں کسی مخصوص سیٹ یا پوزیشن سے سروکار نہیں، بلکہ ٹیم کی توجہ اچھی کرکٹ کھیلنے پر ہے۔ فخر زمان کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فخر ون ڈے کرکٹ کے اہم کھلاڑی ہیں اور ان کا ٹیم میں ہونا ضروری ہے۔
شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ ٹیم میں بار بار تبدیلیوں کے بجائے مضبوط کمبی نیشن بنانے کی کوشش کی جاتی ہے، تاہم مجبوری کے تحت تبدیلی کرنا پڑ سکتی ہے۔ ابرار احمد کو اسپن بولنگ کا اہم بولر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑی تو انہیں ٹیم میں کھلایا جائے گا۔