پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اس بار ہمیں منعقد کرنے کا موقع دیا جائے، گورنر کے پی

گورنر ہاؤس پشاور میں مدرسہ لیگ کا انعقاد، کھیل انتہا پسندی کی سوچ کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا نے چیئرمین پی سی بی سے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ رواں برس پاکستان سپرلیگ کی افتتاحی تقریب کا موقع کے پی کو فراہم کیا جائے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس پشاور میں زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ کھیل انتہا پسندی کی سوچ کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مدرسے کے طلباء بھی معاشرے کا حصہ ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مناسب سرپرستی فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے، ہمارا  عزم ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں، ہم کھیلوں کے میدان میں بہت پیچھے ہیں، اس لیے نوجوانوں کو کھیلوں سمیت دیگر مثبت سرگرمیوں اور آگے بڑھنے کے مواقع دینا ضروری ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی اس دفعہ ہمیں موقع فراہم کریں کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب ہم منعقد کریں۔ ہم امن پسند قوم ہیں ہمارے صوبے کے لوگ امن کے خواہاں ہیں اور محنت سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جب ہمارے ادارے مل کر کام کرتے ہیں تو دنیا کو ایک مثبت پیغام جاتا ہے۔ کھیلوں سے برداشت اور مقابلے کی قوت پیدا ہوتی ہے، جبکہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔

متعلقہ

Load Next Story