اسرائیل پر پابندیاں لگ سکتی ہیں،کرپٹو کرنسی اور بلاک چین استعمال کریں، نیتن یاہو
حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے بعد لبنانی چوکیوں سے اسرائیلی فوجیوں کو بھی واپس بلالیں گے، نیتن یاہو
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کو مستقبل میں بڑھتی ہوئی عالمی اقتصادی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس سے نمٹنے کے لیے ملک کو متبادل مالیاتی نظام اور کرپٹو کرنسی کے استعمال کی تیاری کرنی چاہیے۔
اسرائیلی اخبار دی ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق نیتن یاہو نے جمعے کے روز ایک اقتصادی ٹی وی نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو ممکنہ بینکاری پابندیوں کے لیے پہلے سے تیاری کرنا ہوگی اور ایسی معیشت تشکیل دینی ہوگی جو ان پابندیوں کے اثرات سے نمٹ سکے۔
انہوں نے کرپٹو کرنسی کے ذریعے مالی لین دین کے امکان پر اتفاق کیا اور کہا کہ بلاک چین ٹیکنالوجی بھی ایک متبادل ہوسکتی ہے۔ انہوں نے اپنے مشیروں کو اس ٹیکنالوجی کے ممکنہ استعمال سے متعلق منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
اسرائیل پر پابندیوں کا خطرہ کیوں بڑھ رہا ہے؟
رپورٹ کے مطابق برطانیہ سمیت 12 مغربی ممالک نے مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں سے متعلق بعض اشیا پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ان پابندیوں کی وجہ فلسطینیوں کے خلاف آبادکاروں کے حملوں اور اسرائیلی حکومت کی جانب سے نئی بستیوں کی تعمیر کی منظوری بتائی گئی ہے۔
اگرچہ مجوزہ پابندیوں کا ہدف بنیادی طور پر اسرائیلی بستیاں ہیں تاہم ماہرینِ معیشت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان کے اثرات اسرائیل کی وسیع تر معیشت تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔
نیتن یاہو نے انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ امریکا کی جانب سے اسرائیل کو دفاعی شعبے میں ملنے والی اربوں ڈالر کی امداد ہمیشہ جاری رہنے کی ضمانت نہیں۔
ان کے بقول، امریکی عوام اور سیاست میں تبدیلیوں کے باعث مستقبل میں اس امداد میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔
اپوزیشن کی حکومت پر تنقید
اپوزیشن رہنما یائیر لاپڈ نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث اسرائیل کو عالمی سطح پر تنہائی اور ممکنہ اقتصادی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ان کے مطابق پابندیاں مہنگائی میں اضافے اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتی ہیں۔
دوسری جانب ڈیموکریٹس پارٹی کے رہنما یائیر گولان نے کہا کہ اسرائیل کی عالمی ساکھ بہتر بنانے کے لیے فلسطینیوں کے خلاف آبادکاروں کے تشدد کی روک تھام اور بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنا ضروری ہے۔
کیا بلاک چین پابندیوں سے بچا سکتا ہے؟
ماہرین کے مطابق کرپٹو کرنسی اور بلاک چین متبادل ادائیگیوں کے راستے فراہم کرسکتے ہیں، لیکن ان کے ذریعے تمام بین الاقوامی پابندیوں سے بچنا ممکن نہیں۔
متعدد بلاک چین نیٹ ورکس پر ہونے والی لین دین کا سراغ لگایا جاسکتا ہے جبکہ بینکوں، تجارتی اداروں اور ڈیجیٹل کرنسی پلیٹ فارمز پر پابندیوں کے اثرات برقرار رہ سکتے ہیں۔
اسرائیلی اقتصادی عہدیداروں میں سے ایک نے بھی اس تجویز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوگا اور اس پر عوامی سطح پر گفتگو بھی ملکی معیشت کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ نیتن یاہو کے ناقدین موجودہ حکومت کی پالیسیوں کو عالمی تنہائی کا سبب قرار دیتے ہیں جبکہ وزیراعظم کا مؤقف ہے کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے باعث اسرائیل کو زیادہ خود انحصار بننا ہوگا۔