بدلتا نکھرتا مضبوط پختونخوا؛ باجوڑ میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، پشاور میں صفائی مہم تیز
بدلتا، بکھرتا، مضبوط پختونخوا کے عزم کے ساتھ صوبے میں ترقیاتی کاموں کی رفتار دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔
خیبرپختونخوا میں نئی صوبائی حکومت متحرک ہے۔ اسی سلسلے میں باجوڑ کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔
صوبائی حکومتی ذرائع کے مطابق باجوڑ کے علاقوں خار بازار اور شنڈئی موڑ میں آپریشن، سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں سے غیر قانونی تجاوزات ہٹا دی گئی ہیں، جبکہ ناواگئی بازار میں مستقل اور عارضی تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران دکانداروں کو نوٹس جاری کر دیے گئے۔
تجاوزات کے خاتمے کا مقصد ٹریفک کی روانی بہتر اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں انتظامیہ نے عوام سے سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر تجاوزات سے گریز کی اپیل کی ہے۔
پشاور میں صفائی مہم
بدلتا، نکھرتا، مضبوط خیبرپختونخوا کے تحت گورنر راج کے نفاذ کے بعد نئی صوبائی حکومت متحرک ہے اور اس حوالے سے پشاور میں صفائی مہم تیزی سے جاری ہے۔
پی ٹی آئی کے 13 سالہ دورحکومت میں نظرانداز کیے گئے پشاور کے مختلف علاقوں میں نالیوں اور گٹروں کی صفائی شروع کر دی گئی ہے۔ پشاور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے چغلپورہ سے جھگڑا تک مین شاہراہ پر خصوصی صفائی آپریشن کیا جارہا ہے۔
صوبائی حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سڑکوں، نالیوں اور گٹروں میں کچرا نہ پھینکیں اور شہر کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔