اسلام آباد میں اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک؛ سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ معاہدہ

تھیم پارک گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا، سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی، محسن نقوی

اسلام آباد:

پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک اسلام آباد میں تعمیر کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے لیے سعودی سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے، جبکہ کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی تھیم پارک کی تعمیر کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔

تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کے پہلے تھیم پارک منصوبے کے معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔

مفاہمتی یادداشت پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے دستخط کیے۔ محسن نقوی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد السعود کو مبارکباد دی۔

معاہدے کے تحت سعودی عرب کے سرمایہ کار اسلام آباد میں تھیم پارک منصوبے کے لیے سرمایہ کاری کریں گے، جبکہ سی ڈی اے اس منصوبے کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ تھیم پارک منصوبے کے حوالے سے سعودی عرب سے آنے والے معزز مہمانوں کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے انفرا اسٹرکچر کو جدید ترین شہروں کی طرز پر استوار کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ تھیم پارک ایک گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا۔ سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اگلے چند ماہ میں سعودی عرب میں رئیل اسٹیٹ کے حوالے سے روڈ شو منعقد کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔

سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان، خصوصاً اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔

تقریب میں سی ڈی اے کے ممبران اور سعودی وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔

Load Next Story