حوثی حملے، سعودی عرب کے لیے امارات، پاکستان اور بنگلا دیش کی متعدد پروازیں منسوخ
حوثیوں کے ایئرپورٹس پر حملے کے بعد ریاض کی پروازیں منسوخ؛ (فوٹو: فائل)
یمن کے حوثی باغیوں کے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں اور حملوں کے بعد متحدہ عرب امارات، پاکستان اور بنگلا دیش سمیت مختلف ممالک کی متعدد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق پروازوں میں خلل سے امارات، فلائی دبئی، اتحاد ایئرویز، فلائی ناس اور سعودی ایئرلائن سمیت متعدد فضائی کمپنیوں کی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ منسوخ یا متاثر ہونے والی پروازوں میں ریاض، جدہ، مدینہ اور دمام جانے والی پروازیں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دبئی سے سعودی عرب کے مختلف شہروں کے لیے امارات ایئرلائن کی متعدد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
ان میں مدینہ جانے والی پرواز ای کے 2537، دمام جانے والی پروازیں ای کے 821، ای کے 823 اور ای کے 827 جبکہ ریاض جانے والی پروازیں ای کے 815، ای کے 819، ای کے 813 اور ای کے 817 شامل ہیں۔
فلائی دبئی کی جدہ جانے والی پرواز ایف زیڈ 909 میں 55 منٹ کی تاخیر ہوئی، جبکہ مدینہ جانے والی پرواز ایف زیڈ 8387 منسوخ کردی گئی۔
اتحاد ایئرویز نے ابوظبی اور جدہ کے درمیان پروازیں ای وائی 601، ای وائی 603، ای وائی 602 اور ای وائی 604 منسوخ کردیں۔ اس کے علاوہ ابوظبی سے ریاض اور دمام کے لیے تمام پروازیں بھی منسوخ کیے جانے کی اطلاع ہے۔
سعودی فضائی کمپنیوں کی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔ فلائی ناس کی دبئی سے روانہ ہونے والی پروازیں ایکس وائی 202، ایکس وائی 206، ایکس وائی 210، ایکس وائی 212، ایکس وائی 812 اور ایکس وائی 218 منسوخ کردی گئیں جبکہ فلائی ایڈیل کی ریاض جانے والی پرواز ایف 3 506 بھی منسوخ ہونے والی پروازوں میں شامل ہے۔
رپورٹ میں سعودی ایئرلائن کی متعدد پروازوں اور ریاض ایئر کی پروازوں آر ایکس 242 اور آر ایکس 244 کے متاثر ہونے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعلق پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔
بنگلا دیش کی بیمان بنگلا دیش ایئرلائنز کی پروازیں بی جی 349 اور بی جی 350، اسلام آباد سے آنے والی فلائی جناح کی پرواز 9 پی 710 اور دیگر بین الاقوامی پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاع دی گئی۔
اس کے علاوہ سعودی ایئرلائن، فلائی ناس اور شام کی ایئرلائن سیریئن ایئر کی بعض پروازیں بھی متاثر ہوئیں، جن میں لندن، دمشق، جدہ اور ریاض سے متعلق پروازیں شامل ہیں۔
پروازوں میں یہ تعطل یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں کے خلاف حملوں اور مزید کارروائیوں کے خدشات کے بعد سامنے آیا ہے۔
فضائی کمپنیوں نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی تازہ صورت حال معلوم کریں، کیونکہ پروازوں کے اوقات میں تبدیلی یا مزید منسوخی کا امکان موجود ہے۔
مسافروں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی بکنگ، روانگی کے وقت اور متبادل پروازوں سے متعلق معلومات براہ راست متعلقہ فضائی کمپنی سے حاصل کریں تاکہ غیر ضروری انتظار اور سفری پریشانی سے بچا جا سکے۔