ڈیرہ اسماعیل خان؛ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 دہشتگرد ہلاک، دو اہلکار شہید
فوٹو: آئی ایس پی آر
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارج کی موجودگی سے متعلق خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی، جس میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو اہلکار شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 24 اکتوبر 2026 کو ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 6 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے دو ہلکار پنجاب کے ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے 36 سلاہ نائیک غلام مرتضیٰ اور ضلع تلہ گنگ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ سپاہی تاثیر نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پائی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں کے زیرقبضہ اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا گیا ہے اور ہلاک دہشت گرد علاقے میں سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل کی وارداتوں میں سرگرم تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز ملک میں دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے عزم استحکام کے تحت کارروائی جاری رکھیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا فورسز کو خراج تحسین
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 6 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے شہدا نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وطن عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی روشن مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیر اعظم نے آپریشن عزم استحکام کے تحت ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 6 دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد نے جان دے کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا، شہدا ہمارا مان اور فخر ہیں، سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں، قوم کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے۔