صدر اور وزیراعظم کی انگلینڈ کے خلاف شاندار فتح پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد
وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سہ ملکی ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کے خلاف شاندار فتح پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم کی شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کرکے پوری قوم کے دل جیت لیے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ شاباش ٹیم پاکستان! انگلینڈ کے خلاف شاندار فتح پر قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میچ میں ہر رن، ہر وکٹ اور ہر کیچ نے پاکستانی کھلاڑیوں کے عزم، نظم و ضبط اور بھرپور مقابلہ کرنے کے جذبے کی عکاسی کی۔
انہوں نے کہا کہ شاداب خان اور حارث کے درمیان آخری وکٹ کی شراکت نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا جبکہ شاداب خان کی شاندار سنچری غیرمعمولی کارکردگی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج رات لاہور کے کرکٹ شائقین کا جوش و خروش دراصل پوری قوم کی آواز تھا۔ قومی کھلاڑیوں نے لاکھوں پاکستانیوں کے دل فخر اور خوشی سے بھر دیے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو مضبوط بنانے اور ملکی میدانوں کو عالمی معیار کی بین الاقوامی کرکٹ کا بہترین میزبان بنانے کے لیے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی انتھک کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی انگلینڈ کے خلاف اعصاب شکن مقابلے میں ایک وکٹ سے فتح حاصل کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، شاداب خان کو شاندار سنچری اسکور کرنے اور حارث رؤف کے ساتھ آخری وکٹ کی فیصلہ کن شراکت پر مبارک باد دی اور کہا کہ کھلاڑیوں نے عزم، حوصلے اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو یادگار فتح سے ہمکنار کیا۔
صدر نے سہ ملکی کرکٹ سیریز میں قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی اور کھلاڑیوں کے عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور ٹیم ورک کو سراہا۔انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو بھی قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر مبارک باد پیش کی۔