بکرا چوری کرنے سے کیوں روکا؟ فائرنگ سے ایک شخص قتل، دوسرا زخمی

پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی

فوٹو: فائل

لاہور:

مانگا منڈی میں ڈکیت، منشیات فروشوں نے بکرا چوری کرنے سے روکنے پر ایک شخص کو قتل اور ایک کو زخمی کردیا ۔

پولیس کے مطابق ڈیرہ مانگا منڈی میں  مقصود نامی شخص نے محلے کے منشیات فروشوں مدثر، صدیق وغیرہ کو اپنا بکرا چوری کرنے سے روکا تھا ۔ واقعے کی ایف آئی  آر کے مطابق بکرا چوری کرنے سے روکنے پر ملزمان نے رنجش رکھی تھی۔

بعد ازاں مقصود کھیتوں میں کزن عباس کے ساتھ کام کررہا تھا کہ اس دوران  مدثر ، صدیق وغیرہ 6 ملزمان آگئے  اور انہوں نے آتے ہی للکارا اور کہا کہ آج کوئی بچ نہیں پائے گا۔

ملزمان  مدثر ، صدیق وغیرہ نے سیدھے فائر کیے،  جس سے مقصود گولی لگنے سے موقع پر ہلاک ہو گیا، جبکہ عباس کو سر میں پسٹل کے بٹ مار کرزخمی کردیا گیا۔

ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے ، جب کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر مانگا منڈی پولیس جائے وقوع پر پہنچی۔

پولیس نے مقتول کے بھائی محمود کی درخوست پر 4 نامزد اور 2 نا معلوم ملزمان کے خلاف قتل، اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

Load Next Story