مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال؛ قطر ثالثی کیلیے متحرک؛ سعودیہ اور مصر سے اہم رابطہ
قطری وزیراعظم نے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا اور آزاد ریاست کے قیام کا مطالبہ کردیا
قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی نے سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے جن میں علاقائی بحرانوں پر تبادلہ خیال اور کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطری وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے گفتگو میں خطے کی صورت حال اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کا جائزہ لیا۔
قطری وزیراعظم نے اس موقع پر زور دیا کہ سعودی عرب کی سلامتی خلیجی خطے کی اجتماعی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی کشیدگی کم کرنے اور حالات کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و سکون بحال کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات پر غور کیا۔
گفتگو کے دوران قطری وزیراعظم نے اہم بحری تجارتی راستوں پر جہاز رانی کی آزادی اور تحفظ کو یقینی بنانے سے متعلق اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے کوششیں آگے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بندش سمیت آئل ٹینکرز اور تجارتی جہازوں کی روانی میں خطرناک حد تک کمی کے باعث تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو رہا ہے جس کے لیے قطر نے سفارتی کوششیں تیز کردی ہیں۔