کویت میں نائب وزیر اعظم کے قتل کی سازش پر ایران سے وابستہ 3 افراد کو سزائے موت، 8 کو قید
کویت: وزیر داخلہ کے قتل کی سازش، 3 افراد کو سزائے موت اور 8 کو پانچ پانچ سال قید
کویت کی فوجداری عدالت نے ایران کے لیے جاسوسی، حزب اللہ سے وابستگی اور وزیر داخلہ کو قتل کرنے کی سازش کے مقدمے میں 3 افراد کو سزائے موت جبکہ دیگر 8 کو پانچ، پانچ سال قید کی سزا سنا دی۔
خلیج ٹائمز کے مطابق یہ فیصلہ پیر 26 اکتوبر کو عدالت کے ریاستی سلامتی سے متعلق شعبے نے سنایا۔
مقدمے میں کویت کے نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ شیخ فہد الیوسف کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی، ایران سے رابطوں، لبنانی تنظیم حزب اللہ میں شمولیت اور ملک کے قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کے الزامات شامل تھے۔
رپورٹس کے مطابق سزائے موت پانے والوں کی شناخت حسین عبداللہ المعتوق، حسن عبدالہادی حاجیہ اور عبدالرضا حیدر دہقانی کے نام سے ہوئی ہے۔
مقدمے کی تفصیلات کے مطابق ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے نائب وزیراعظم کو قتل کرنے کے منصوبے میں مختلف ذمہ داریاں تقسیم کی تھیں۔
استغاثہ نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ سازش پر عمل درآمد اور خوف و ہراس پھیلانے کے لیے دھماکا خیز مواد استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔
گیارہویں ملزم پر منصوبے کے لیے دھماکا خیز مواد ملک میں لانے کی کوشش کا الزام بھی تھا۔