سعودی عرب پر میزائل حملے کی کوشش ناکام، حوثیوں کے 3 بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ
سعودی عرب کی جانب داغے گئے تین بیلسٹک میزائلوں کو سعودی اتحادی افواج نے فضا میں ہی تباہ کردیا جبکہ ریاض نے خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان، قطر اور دیگر ممالک کی سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان کے مطابق حوثیوں کی جانب سے مشرقی ریجن کو نشانہ بناتے ہوئے تین بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے، تاہم دفاعی نظام نے انہیں ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیا۔
میزائل حملے کے خدشے کے پیش نظر مشرقی ریجن اور الخرج گورنریٹ میں خطرے کا الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا جسے کچھ دیر بعد واپس لے لیا گیا۔
دوسری جانب سعودی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کے نمائندوں نے تہران کا دورہ کیا، جہاں ان کی اعلیٰ ایرانی حکام سے ملاقاتیں ہوئیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق یہ دورہ خطے میں امن کے قیام، مکالمے کے فروغ اور موجودہ بحران کے فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں کا حصہ تھا۔
ان رابطوں کا مقصد مذاکرات کی حوصلہ افزائی اور تنازعات کے حل کے لیے سفارتی راستے تلاش کرنا ہے۔
سعودی عرب نے پاکستان اور قطر کی جانب سے جاری ثالثی کی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے سفارتی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔