ایف بی آر کا انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کو بھاری جرمانوں کا انتباہ

ملک میں یکم نومبر سے ‘لیٹ فائلر’ کی کیٹگری ختم ہو کر براہِ راست ‘نان فائلر’ کی اصطلاح رہ جائے گی

ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم نومبر سے بھاری جرمانوں کا اطلاق ہوگا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف بی آر ذرائع نے دعویٰ کیا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔یکم نومبر سے تاخیر سے گوشوارے جمع کرانے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

اس کے ساتھ ہی ملک میں یکم نومبر سے ‘لیٹ فائلر’ کی کیٹگری ختم ہو کر براہِ راست ‘نان فائلر’ کی اصطلاح رہ جائے گی، اور نان فائلرز کے لیے انکم ٹیکس گوشواروں پر لیٹ پیمنٹ کا جرمانہ کئی گنا بڑھ جائے گا۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق یکم نومبر سے گوشوارے جمع نہ کرانے پر لیٹ فیس کی بجائے نان فائلر کا بھاری جرمانہ لاگو ہوگا۔ نئی ترجیحات کے تحت انفرادی گوشوارہ وقت پر جمع نہ کرانے پر جرمانہ ایک ہزار روپے کی بجائے بڑھ کر 25 ہزار روپے تک پہنچ جائے گا۔

اسی طرح یکم نومبر سے لیٹ فائلر ایسوسی ایشن آف پرسنز سے جرمانہ 10 ہزار کی بجائے 50 ہزار روپے، جبکہ لیٹ فائلر کمپنی سے جرمانہ 20 ہزار کی بجائے ایک لاکھ روپے وصول کیا جائے گا۔

دوسری جانب تاجر برداری کے لیے بھی سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس میں رجسٹریشن کے لیے 31 اکتوبر کو آخری موقع قرار دیا گیا ہے۔

آسان ٹیکس اسکیم کے تحت ریٹرن جمع کرانے کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد بھی بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے، جن کے تحت مقررہ تاریخ کے بعد پہلے مہینے میں 10 ہزار روپے، دوسرے مہینے میں 25 ہزار روپے، اور تیسرے مہینے میں 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

Load Next Story