سعودی عرب کا حوثی میزائل گرانے کا دعویٰ؛ ملبہ گرنے سے عمارت اور گاڑی کو شدید نقصان
ریاض میں سعودی فضائی دفاع کی جانب سے دو بیلسٹک میزائل روکنے کے بعد ان کا ملبہ گرنے سے املاک کو نقصان پہنچا۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں حوثیوں کے داغے گئے 2 بیلسٹک میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے فوری ردعمل دیتے ہوئے فضا میں ہی تباہ کردیا۔
خلیج نیوز کے مطابق سعودی عرب کے شہری دفاع نے بتایا کہ دارالحکومت ریاض میں دو بیلسٹک میزائلوں کا ملبہ گرنے سے ایک زیر تعمیر مقام اور ایک عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
شہری دفاع نے یہ بھی بتایا کہ ایک میزائل کے ٹکڑے قریبی گاڑی پر بھی گرے جس سے گاڑی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی۔
حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائلوں کا ملبہ گرنے کے واقعے میں کسی ہلاکت یا کسی شخص کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
رائٹرز کے مطابق آج سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے بھی دعویٰ کیا کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے مشرقی اور جنوبی سعودی علاقوں کی طرف داغے گئے 3 بیلسٹک میزائل اور چار ڈرون تباہ کیے۔
اس سے قبل حوثی ترجمان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ گروپ نے نجران اور خمیس مشیط میں سعودی فوج کے دو ٹرانسپورٹ جیٹ طیاروں کو نشانہ بنایا۔
انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ حوثی ملیشیا نے دارالحکومت ریاض میں سعودی وزارت دفاع کی عمارت پر دو بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا۔ جس میں کافی نقصان پہنچا ہے۔
یاد رہے کہ 25 اکتوبر کو جنوبی سعودی عرب کے دو علاقوں میں میزائلوں کا ملبہ گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ رہائشی عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔