بلوچستان؛ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں فتنۃ الہندوستان کے 9 دہشتگرد ہلاک

دونوں کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا

بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر 2 کارروائیاں کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشنز 26 اکتوبر کو کیے گئے، جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی میں کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا پتا لگا کر اسے تباہ کردیا۔ کارروائی کےد وران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

دوسری کارروائی بلوچستان کے ضلع وڈھ میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر انہیں روک لیا۔ اس موقع پر شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز کسی بھی باقی ماندہ خطرے سے نمٹنے کے لیے علاقے کی تلاشی لے رہی ہیں تاکہ دہشت گردوں کی موجودگی کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جاسکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان کے تحت قائم وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ اس مہم کا مقصد ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خطرے کا خاتمہ کرنا ہے۔

Load Next Story