کراچی؛ ڈیفنس میں اسلحے سے شہریوں کو ہراساں کرنے کی وائرل ویڈیوز، تحقیقات جاری

ویڈیو اپلوڈ کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کا سراغ لگانے کے لیے این سی سی آئی اے سے بھی رابطہ کر لیا گیا

کراچی:

ڈی ایچ اے میں شہریوں کو اسلحے کے ذریعے ہراساں کرنے کی وائرل ویڈیوز کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

سائبر کرائم سے متعلق پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے ویڈیو اپلوڈ کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کا سراغ لگانے اور اکاؤنٹ سے متعلق تکنیکی معلومات حاصل کرنے کے لیے این سی سی آئی اے سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ اے میں شہریوں کو اسلحے کے ذریعے ہراساں کرنے کی وائرل ویڈیوز کا معاملہ تحقیقات جاری ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں کار سوار نوجوانوں کو مبینہ طور پر اسلحہ دکھا کرراہ گیروں لڑکوں اور لڑکیوں کو خوف زدہ اور ہراساں کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کی ہدایات پر ساؤتھ ڈسٹرکٹ پولیس نے وائرل ویڈیوز کی مدد سے ملوث افراد کی شناخت اور تلاش کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

ابتدائی مشاہدے کے مطابق ویڈیو کے بعض مندرجات مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کیے جانے کا شبہ ہے تاہم اس حوالے سے حتمی رائے تحقیقات اور دستیاب شواہد کی جانچ کے بعد ہی قائم کی جائے گی۔

پولیس کی جانب سے ویڈیو میں نظر آنے والے افراد، پھول فروش اور دیگر ممکنہ عینی شاہدین کی تلاش بھی جاری ہے تاکہ واقعے کی حقیقت، ویڈیو کی صداقت اور اس میں دکھائے گئے مناظر کی مکمل تصدیق کی جا سکے۔

پولیس تمام دستیاب شواہد کا جائزہ لے رہی ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے اور ملوث افراد کی شناخت کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Load Next Story